انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے تنازع پر پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے سخت مؤقف کے پیش نظر 26 نومبر کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں آئی سی سی حکام پاکستان کو ہائبرڈ ماڈل پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی صرف پاکستان ہی کرے گا۔ اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرتی ہے تو پی سی بی اس کی جگہ سری لنکا کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کی تجویز دے چکا ہے۔
تاہم، بھارتی ٹیم کی عدم شرکت آئی سی سی کے لیے مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، پاک بھارت میچز کے لیے براڈکاسٹرز نے اربوں روپے کے معاہدے کیے ہیں، اور ان میچز کے میڈیا رائٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، یکم دسمبر سے آئی سی سی کی قیادت بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ سنبھالیں گے، جس کے باعث یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو سکتا ہے۔ اجلاس میں یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سیمی فائنل اور فائنل میں اگر بھارتی ٹیم پہنچتی ہے تو ان کے میچز کے مقامات تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔
اگر بھارت اپنی ضد پر قائم رہا تو پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ میں بھارت کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر سکتا ہے۔ اس تنازع کا نتیجہ آئی سی سی کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔