خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلے کے تحت کرم کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا اور وہاں موجود بنکرز کو گرا دیا جائے گا۔ پشاور سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بنکرز کا خاتمہ ضروری ہے اور اس عمل کو جلد ممکن بنایا جائے گا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ضلع کرم میں سیکیورٹی کی وجہ سے بند راستوں کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل طور پر ادراک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدے کے بعد علاقے میں معمولاتِ زندگی دوبارہ بحال ہو جائیں گے اور راستے مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنکرز کے گرانے اور اسلحہ جمع کرنے کے بعد علاقے میں امن قائم ہو گا اور عوام کو ان مشکلات سے نجات ملے گی۔
مشیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ حکومت کرم میں پائیدار امن کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن کچھ عناصر ایسے ہیں جو دیرپا امن کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے ان عناصر کو تنقید کا نشانہ بنایا جو کرم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور صوبائی حکومت کی مخلصانہ کوششوں کو غلط رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کرم میں امن و سکون کی بحالی کو یقینی بنائے گی۔