اتوار, دسمبر 22, 2024

پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے، عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور جلد خوشخبری کی توقع ہے۔

عبدالعلیم خان نے سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے دوران پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا آغاز ایک مثبت قدم ہے، جو قومی ایئرلائن کی بحالی اور نجکاری کے عمل میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازیں شروع ہونے سے عوام میں اعتماد بحال ہوا ہے، اور جلد ہی پی آئی اے کو برطانیہ اور امریکہ میں بھی آپریشنل کرنے کی خوشخبری ملے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری میں حائل کئی رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں، اور آئی ایم ایف نے اس عمل کے دوران دو اہم مسائل پر اتفاق کر لیا ہے۔ ان مسائل میں نئے جہازوں کی خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی معافی اور پی آئی اے کے نقصانات کو ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کرنا شامل ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نجکاری کے دوران پی آئی اے کو پرانی واجب الادا رقم کے بغیر فروخت کیا جائے گا، جس سے سرمایہ کاروں کے لیے یہ معاہدہ مزید پرکشش ہو جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں پی آئی اے کی نجکاری جلد مکمل ہو گی اور یہ قومی معیشت کے لیے ایک اہم پیشرفت ہوگی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب