پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی اپیل پر امریکا کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ ریاست ٹیکساس کے شہروں ہیوسٹن، ڈیلس، آسٹن، اور پلانو میں ہونے والے ان مظاہروں میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین شریک ہوئے، جنہوں نے بانیٔ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
ہیوسٹن میں مظاہرین سے تحریکِ انصاف کے رہنما سجاد برکی اور عاطف خان نے خطاب کیا، جبکہ ڈیلس میں ندیم زمان، لبنیٰ خان، ریاض حسین، اور نازیہ خان نے مظاہرے کی قیادت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں پاکستان میں جمہوری عمل کی بحالی، آئینی حقوق کی فراہمی، اور 26ویں آئینی ترمیم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیا اور ان سے فوری استعفے کی اپیل کی۔
مقررین نے بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ان کے آئینی حقوق واپس دلانا وقت کی ضرورت ہے۔ مظاہرین نے اس موقع پر جوش و خروش سے نعرے بازی کی، پاکستان کے ملی نغمے گائے اور انقلابی گیتوں سے ماحول گرما دیا۔
مظاہرے میں شریک افراد نے انسانی حقوق کی خراب صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا اور تحریکِ انصاف کے تین بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے پر زور دیا۔ شرکا نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں جلد حق و انصاف کا بول بالا ہوگا، عوام اپنی مرضی کے فیصلے کرنے میں آزاد ہوں گے اور جمہوری حکمرانی قائم ہوگی۔ مظاہروں کا اختتام جذبے اور امید کے ساتھ ہوا۔