وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کو ہدایت دی ہے کہ شہر میں امن و امان کو خراب کرنے والے کسی بھی شخص کو گرفتار کیا جائے۔ وزیرِ داخلہ نے یہ بیان اسلام آباد پولیس لائنز کے دورے کے دوران دیا، جہاں انہوں نے پولیس کے عزم اور محنت کی تعریف کی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر، ڈی آئی جی اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے خاص طور پر 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر کے پاکستان دورے کا ذکر کیا اور کہا کہ اس دورے کے پیشِ نظر اسلام آباد کو ہر صورت محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس بار کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے پولیس فورس کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے پولیس افسران کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کو ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر اپنے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتِ حال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرے گی اور شہر کے امن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔