تحریک انصاف کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ کل ہر صورت اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا اور ڈی چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔ پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تمام رکاوٹیں توڑ کر اپنی منزل تک پہنچیں گے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد مارچ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا گیا اور یہ طے پایا کہ احتجاج ہر حال میں کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران قیادت نے واضح کیا کہ اس بار احتجاج کا مقصد صرف مطالبات کی منظوری نہیں بلکہ ڈی چوک پر دھرنا دے کر اپنے مطالبات منوانے ہیں۔ قیادت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھڑی کی جانے والی تمام رکاوٹیں عبور کرکے کارکنان اپنی منزل پر پہنچیں گے، اور یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، اور تحریک انصاف اس حق کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی دباؤ یا مزاحمت کے آگے جھکنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو پوری قوم سڑکوں پر نکلے گی اور تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
پارٹی کی قیادت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرعزم رہیں اور احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔