چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے پر بھارت کے معروف اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا نے حیران کن منطق پیش کی۔
بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گفتگو کرتے ہوئے وکرانت گپتا نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کے فیصلے کو مذہبی اسکالر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان سے جوڑ دیا۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو دہشتگرد تنظیموں اور افراد کی ایک فہرست دی تھی، اگر پاکستان ان کے خلاف کارروائی کرتا تو شاید بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر راضی ہوجاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت نے ذاکر نائیک کا بھرپور استقبال کیا اور انہیں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا، جس سے پاکستان نے اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی ماری۔
وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ذاکر نائیک یا چیمپئنز ٹرافی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
ان کے اس بیان کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس پر صارفین نے شدید تنقید کی۔ ایک صارف نے کہا کہ وکرانت بی سی سی آئی کے کہنے پر بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ جانے کا کوئی بھی جواز پیش کر رہے ہیں تاکہ ہندو انتہا پسند بھارت کا چہرہ چھپایا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، اور اگر بھارت کو تحفظات ہیں تو وہ بات چیت کے لیے آگے آئے۔