پیر, نومبر 25, 2024

اے پی ڈھلون کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ، ملزم آج عدالت میں پیش ہوگا۔

کینیڈین نژاد بھارتی گلوکار اور ریپر امرت پال سنگھ ڈھلون، جو اے پی ڈھلون کے نام سے مشہور ہیں، کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ستمبر کے آغاز میں کینیڈا کے شہر وینکوور میں پیش آیا، جہاں اے پی ڈھلون کے گھر کے باہر فائرنگ کی گئی اور دو گاڑیوں کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔

اس واقعے کی ذمہ داری معروف لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی۔ گینگ نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ کا مقصد اے پی ڈھلون کے گھر کو نقصان پہنچانا تھا کیونکہ انہوں نے اپنی ایک میوزک ویڈیو میں بھارتی اداکار سلمان خان کو کاسٹ کیا تھا۔ بعد میں یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوا اور فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی منظر عام پر آگئی۔

کینیڈین پولیس نے تحقیقات کے بعد ابھیجیت کنگرا نامی بھارتی شہری کو اونٹاریو سے گرفتار کیا، جو مبینہ طور پر اس فائرنگ اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے میں ملوث بتایا گیا ہے۔ مزید برآں، واقعے میں ممکنہ شمولیت پر بھارتی شہری وکرم شرما کے خلاف بھی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ابھیجیت کنگرا پر الزام ہے کہ انہوں نے فائرنگ اور گاڑیوں کو آگ لگانے میں آتشیں اسلحہ استعمال کیا۔ ان الزامات کے تحت انہیں آج اونٹاریو کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی یاد رہے کہ بشنوئی گینگ کا ماضی میں کئی بڑے جرائم سے تعلق رہا ہے، جس میں بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا اور بابا صدیق کے قتل کی تحقیقات بھی شامل ہیں۔ گینگ نے اس سے پہلے سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب