رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات پر سول سرونٹس ایکٹ 1973 میں ترمیم کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ان سفارشات کے تحت 60 ہزار تک سرکاری ملازمین متاثر ہو سکتے ہیں، اور ان کے لیے دیگر اداروں میں ایڈجسٹمنٹ کا پروگرام تیار کیا جا رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں متاثرہ ملازمین کو سرپلس پول میں بھیجا جائے گا، اور دوسرے مرحلے میں انہیں مختلف محکموں میں منتقل کیا جائے گا۔ سرپلس ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک بھی دیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق، سول سرونٹس ایکٹ کی سیکشن 2 اور 11 میں ترمیم کی جا رہی ہے، جو ملازمین کی تقرری اور ان کی برخاستگی سے متعلق ہیں۔ فنانس ڈویژن نے سیکشن 19 میں اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت پنشن فوائد میں تبدیلی کر سکتی ہے۔ ترمیمی مسودہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تیار کر لیا ہے، اور کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔