ہفتہ, اکتوبر 5, 2024

کراچی میں ڈیپ ڈیپریشن: تندوتیز ہوائیں اور شدید بارش کی پیشگوئی

کراچی: شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈپریشن نے طوفان کی شکل اختیار کر لی ہے، اور اس وقت یہ کراچی کے جنوب مشرق میں 170 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے تیسرے الرٹ کے مطابق، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران یہ ڈیپ ڈپریشن مغرب اور جنوب مغرب کی سمت میں بڑھا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ طوفان کے اثرات کی وجہ سے کراچی میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر رات کے وقت تیز اسپیل کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسمی حالات اور سمندر کی سطح کے درجہ حرارت کی بنا پر یہ ڈیپ ڈپریشن طوفان کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ موجودہ نظام سندھ کے ساحل کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔

کراچی ڈویژن میں موسلادھار بارشیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 31 اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی بارشیں ہوں گی۔ حب، لسبیلہ، آواران، کیچ، اور گوادر میں 30 اگست سے یکم ستمبر تک وقفے وقفے سے آندھی اور شدید بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے مزید کہا کہ طوفان کے بعد یہ بلوچستان کے قریب سے گزرے گا اور عمان کی سمت میں بڑھے گا، لہذا کراچی اور دیہی سندھ کے ساحلی علاقوں کو کوئی بڑا خطرہ لاحق نہیں ہے۔

یاد رہے کہ مون سون کے طاقتور اسپیل کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرجانی میں سب سے زیادہ 127.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب