منگل, جولائی 15, 2025

پنجاب میں پلاسٹک بیگز پر کریک ڈاؤن، 75 مائکرون سے کم پر مکمل پابندی

لاہور: ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم اقدام کے تحت حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج مہم‘‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو ختم کر کے ایک صاف، سرسبز اور ماحول دوست پنجاب کی تشکیل ہے۔

محکمہ ماحولیات پنجاب کی زیر نگرانی شروع ہونے والی اس مہم کے سلسلے میں سیکریٹری ماحولیات صلوت سعید نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عمران حامد شیخ اور دیگر افسران کے ہمراہ لاہور کے مختلف تجارتی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے تاجروں اور کاروباری اداروں سے اپیل کی کہ وہ مہم میں بھرپور تعاون کرتے ہوئے ماحول دوست متبادل اپنائیں۔

صلوت سعید نے واضح کیا کہ حکومت نے 75 مائکرون سے کم موٹائی اور 12×16 انچ سے چھوٹے سائز کے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگل یوز پلاسٹک نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کا سبب ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی خطرناک ہے۔

محکمہ ماحولیات کے ترجمان ساجد بشیر کے مطابق یہ مہم 5 جون 2024 کو شروع کی گئی تھی، اور اب تک 2 لاکھ 63 ہزار کلوگرام سے زائد غیر قانونی پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں جبکہ 9 ہزار سے زائد نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ مہم کے تحت دکانداروں، ہول سیلرز اور عوام کو ماحول دوست متبادل استعمال کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

سیکریٹری ماحولیات نے اس موقع پر کہا کہ ’’پلاسٹک فری پنجاب پلیج‘‘ صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک اجتماعی شعور کی بیداری ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے ایک بہتر اور محفوظ ماحول کی بنیاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف حکومتی مہم نہیں، بلکہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔

ادارہ ماحولیات پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال سے گریز کر کے ایک پائیدار اور صحت مند مستقبل کی جانب قدم بڑھائیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب