پیر, جولائی 14, 2025

ماحولیاتی تبدیلی پر نظر، جاپان نے تیسری سیٹلائٹ لانچ کر دی

ٹوکیو: جاپان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی نگرانی اور گلوبل وارمنگ پر نظر رکھنے کے لیے اپنے تینریا سیٹلائٹ سلسلے کی تیسری سیٹلائٹ GOSAT-GW کو کامیابی سے خلا میں روانہ کر دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ جاپانی خلائی ادارے (JAXA) کے معروف H-2A راکٹ کے ذریعے جاپان کے جنوبی علاقے میں واقع تنگیشیما اسپیس سینٹر سے لانچ کی گئی۔

یہ لانچ H-2A راکٹ سسٹم کی 50ویں اور آخری پرواز تھی، جس کے بعد اس نظام کو نئے اور جدید H3 راکٹ سسٹم سے تبدیل کر دیا جائے گا۔ H-2A ماضی میں کئی اہم خلائی مشنز انجام دے چکا ہے، جن میں SLIM چاند مشن اور Hayabusa2 جیسے معروف مشن شامل ہیں۔

لانچنگ کے تقریباً 16 منٹ بعد سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ اس کے مخصوص مدار میں چھوڑ دیا گیا۔ GOSAT-GW سیٹلائٹ نہ صرف گرین ہاؤس گیسوں جیسے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور میتھین پر نظر رکھے گی بلکہ سمندری سطح کا درجہ حرارت، بارش کے پیٹرن، اور قدرتی آفات کی پیشگی وارننگ سے متعلق ڈیٹا بھی جمع کرے گی۔

یہ سیٹلائٹ عالمی ماحولیاتی نگرانی کا ایک اہم حصہ بنے گی، کیونکہ اس سے حاصل ہونے والا ڈیٹا نہ صرف جاپان بلکہ امریکہ سمیت دنیا بھر کے محققین اور ماحولیاتی اداروں کو دستیاب ہوگا۔ اس سے عالمی سطح پر آب و ہوا میں تبدیلیوں کو سمجھنے، آفات کی پیش گوئی، اور پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق H3 راکٹ کا دور جاپانی خلائی ٹیکنالوجی کو مزید معاشی، پائیدار اور جدید سمتوں کی طرف لے جائے گا، اور جاپان کے خلائی مشنز کو نئے امکانات سے جوڑے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب