اسلام آباد: مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی ہے، کیونکہ یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 11 سے 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مقامی سطح پر روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ان حالات کے پیشِ نظر آئندہ 15 روز کے لیے نئی قیمتوں کا اطلاق ممکن ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپنی سمری وزارتِ پٹرولیم کو ارسال کر دی ہے، جس کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا اعلان آج رات متوقع ہے۔
حتمی منظوری وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی مشاورت سے دی جائے گی، جس کے بعد وزارتِ خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
یہ اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات میں اضافے کا باعث بنے گا، بلکہ مہنگائی کی نئی لہر کو بھی جنم دے سکتا ہے، جس کا براہ راست اثر عام شہری کی زندگی پر پڑے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو قیمتوں میں استحکام کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، ورنہ ہر 15 دن بعد عوام کو مہنگائی کا نیا دھچکا سہنا پڑے گا۔