منگل, جولائی 15, 2025

ٹرمپ کی نیویارک کے پہلے مسلمان میئر زہران ممدانی کو فنڈنگ روکنے کی دھمکی

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے میئر کے ممکنہ امیدوار زہران ممدانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ان کے بقول “صحیح فیصلے” نہ کریں، تو وفاقی حکومت نیویارک سٹی کی فنڈنگ روکنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔

فاکس نیوز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں ٹرمپ نے واضح طور پر کہا: “اگر وہ (زہران ممدانی) میئر منتخب ہو جاتے ہیں، تو میں بطور صدر اُن سے سخت جواب طلبی کروں گا۔ اگر ان کے اقدامات میرے معیار کے مطابق نہ ہوئے تو نیویارک کو ایک پائی بھی نہیں ملے گی۔”

ٹرمپ نے ممدانی پر نظریاتی حملہ کرتے ہوئے انہیں “کمیونسٹ” قرار دیا اور کہا کہ ان کی قیادت نیویارک کے لیے تباہ کن ہو گی۔ انہوں نے کہا، “میرے خیال میں یہ نیویارک کے مستقبل کے لیے ایک خطرناک موڑ ہے۔ ایسا شخص اگر میئر بنتا ہے، تو ہم شہر کو بحران میں ڈال دیں گے۔”

زہران ممدانی فلسطینی عوام کے کھلے حامی اور اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کے شدید ناقد سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کالج کے دنوں میں “اسٹوڈنٹس فار جسٹس ان فلسطین” کی بنیاد رکھی، اور 2023 میں غزہ پر جنگ بندی کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں بھوک ہڑتال بھی کی۔ حالیہ پرائمری انتخابات میں انہوں نے سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دے کر میئر شپ کی دوڑ میں نمایاں برتری حاصل کی ہے۔

ممدانی کی کامیابی کو امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم سیاسی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ وہ نیویارک سٹی کے پہلے ممکنہ مسلمان میئر بننے کے قریب ہیں۔

یاد رہے کہ ٹرمپ ماضی میں بھی ان ریاستوں، جامعات اور حکام کو فنڈنگ روکنے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں، جنہوں نے ان کی پالیسیوں سے اختلاف کیا ہو۔ ان کا یہ حالیہ بیان ایک بار پھر امریکی سیاست میں گہما گہمی اور تقسیم کی عکاسی کر رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب