منگل, جولائی 15, 2025

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کا ’’آپریشن گرے‘‘: غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے سائبر فراڈ اور ڈیجیٹل جرائم کے خلاف جاری “آپریشن گرے” کے تحت ملک بھر میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ مربوط آپریشن گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے، جس کے دوران اب تک مجموعی طور پر 93 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ 12 غیر قانونی کال سینٹرز کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

ایجنسی کے مطابق حالیہ کارروائی کے دوران چھ غیر ملکی شہریوں سمیت تین مقامی سہولت کار بھی قانون کی گرفت میں آئے ہیں۔ یہ افراد ایک منظم بین الاقوامی سائبر فراڈ اور ڈیجیٹل منی لانڈرنگ نیٹ ورک سے منسلک تھے، جو ناجائز منافع کو عالمی ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے پاکستان سے باہر منتقل کر رہا تھا۔ اس نیٹ ورک کی سرگرمیوں سے نہ صرف قومی معیشت کو مالی نقصان پہنچ رہا تھا، بلکہ سکیورٹی کے سنجیدہ خطرات بھی جنم لے رہے تھے۔

ڈی جی NCCIA کا کہنا ہے کہ ادارہ سائبر جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں مزید تیزی سے جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی کالز، ڈیجیٹل دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ان میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

این سی سی آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک ڈیجیٹل سرگرمی، جعلی کالز یا آن لائن فراڈ کی فوری اطلاع ایجنسی کو دیں تاکہ ملکی ڈیجیٹل اسپیس کو محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب