استنبول — پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلقات، جو ہمیشہ باہمی اعتماد، احترام اور برادرانہ جذبات پر قائم رہے ہیں، حالیہ دنوں ایک اہم پیش رفت سے مزید مستحکم ہو گئے ہیں۔ استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک صدر رجب طیب ایردوان سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران تجارت، دفاع، عوامی روابط اور علاقائی تعاون سمیت اہم امور پر گفتگو ہوئی۔ دونوں برادر اسلامی ممالک نے نہ صرف موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا۔
فریقین نے ایران کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اس کے دفاع کے حق کی حمایت کی اور اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اس موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے اور سفارتی ذرائع کے ذریعے امن کو ترجیح دے۔
یہ ملاقات اس وقت غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے جب دنیا ایک نئے جغرافیائی تقسیم کی طرف بڑھ رہی ہے اور مسلم امہ کو قیادت، اتحاد اور استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان اور ترکیہ جیسی دو اہم مسلم ریاستوں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف خطے کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی مظلوم اقوام کے حقوق کی ترجمانی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے پیش کی گئی قومی مفادات پر مبنی حکمت عملی اور فعال سفارتی کردار نے پاکستان کی قیادت کی بصیرت اور دور اندیشی کو اجاگر کیا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ایک خودمختار، پُرامن اور عالمی سطح پر باوقار کردار ادا کرنے کی جانب گامزن ہے، جو نہ صرف علاقائی توازن کو مستحکم کرے گا بلکہ عالمی منظرنامے میں بھی پاکستان کو ایک مؤثر آواز فراہم کرے گا۔