ہفتہ, جولائی 26, 2025

13 اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ، عوام کے لیے نئی مشکلات

اسلام آباد:حکومت نے مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق 13 اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھنے کو ملی ہے، تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.98 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق، ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء کی قیمتیں مہنگی ہوئیں، 15 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی، جبکہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں کیلے فی درجن 12 روپے 96 پیسے، چکن فی کلو 15 روپے 45 پیسے اور انڈے فی درجن 5 روپے 85 پیسے مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ، لہسن کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 77 پیسے کا اضافہ ہوا، جبکہ چینی کی قیمت فی کلو 1 روپے 16 پیسے بڑھ گئی۔

شماریات کے مطابق، مٹن، بیف، دودھ، دہی اور دال ماش بھی ان اشیاء میں شامل ہیں جن کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم، ٹماٹر کی فی کلو قیمت 5 روپے 42 پیسے، پیاز کی فی کلو قیمت 3 روپے 63 پیسے، 190 گرام چائے کے پیکٹ کی قیمت 24 روپے 26 پیسے، اور دال چنا کی قیمت 6 روپے 48 پیسے کم ہوئی۔ اس کے علاوہ، ایل پی جی، آٹا، گڑ، اور جلانے کی لکڑی بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بریڈ، سیگریٹ، ماچس، کپڑوں اور دیگر 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مہنگائی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود عوام پر اضافی بوجھ کے اثرات نظر آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلیاں صارفین کے لیے ایک اہم مسئلہ بن چکی ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب