ہفتہ, اگست 2, 2025

یو اے ای، کویت اور عمان میں ویزہ مسائل؛ حکومت جلد حل نکالے گی، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری نہ ہونے کا معاملہ درپیش ہے، جب کہ کویت اور عمان میں بھی اسی نوعیت کے ویزہ مسائل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جلد ہی ان تمام سفارتی معاملات کا حل نکالنے کی کوشش کرے گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کے دوران محسن نقوی نے بتایا کہ حکومت، خاص طور پر وزارت داخلہ، ان مشکلات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور تمام متعلقہ ممالک سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہمیں یقین ہے کہ جلد پاکستانیوں کو خلیجی ممالک میں ویزہ سہولتیں دوبارہ میسر ہوں گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں، اور جلد ایک “بڑی چھلانگ” دیکھنے کو ملے گی۔ ان کے مطابق، اس پیش رفت پر قوم کو فخر ہوگا۔

محسن نقوی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے پر بھی صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا، اور بتایا کہ موبائل سروس کی محدود بندش کے باعث عوام کو سہولت ملی۔

انہوں نے ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام، کوسٹ گارڈز کی استعداد کار میں اضافے، اور سیف سٹی منصوبوں کے تحت جرائم پر قابو پانے کے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق، 1,200 کلومیٹر کی ساحلی پٹی کی نگرانی کے لیے فی الحال صرف 6 کشتیاں دستیاب ہیں، جن میں مزید 2 کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔

محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ شناختی کارڈز میں شہریوں کے کریمنل ریکارڈ کی شمولیت کے حوالے سے نادرا سے مشاورت جاری ہے، تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید موثر انداز میں کام کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں انفورسمنٹ کو سخت بنانے پر کام کر رہی ہے، تاکہ کوئی شہری قانون سے بالاتر نہ ہو۔ ہڑتال کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ حق پرامن طریقے سے استعمال ہونا چاہیے تاکہ معاشی بہتری کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔

وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جلد ڈالر کی بلیک مارکیٹ پر بھی قابو پائے گی، کیونکہ معیشت کی بحالی ان کا اولین ہدف ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب