لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں مفت وائی فائی سروس کے منصوبے کو وسعت دے دی گئی ہے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ’’سی ایم فری وائی فائی سروس‘‘ اب پہلے سے کہیں زیادہ اضلاع اور مقامات پر فعال کر دی گئی ہے۔
لاہور میں فری وائی فائی سروس کے پوائنٹس کی تعداد 230 سے بڑھا کر 430 کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے 11 اضلاع میں جاری یہ سہولت اب 22 اضلاع تک پھیل چکی ہے، جہاں مجموعی طور پر 710 مقامات پر شہری مفت وائی فائی سے مستفید ہو رہے ہیں۔
کن اضلاع میں سروس دستیاب ہے؟
مفت وائی فائی کی سہولت لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک، حسن ابدال، ساہیوال، اوکاڑہ اور مری سمیت دیگر اضلاع کے اہم مقامات پر دستیاب ہے۔ ان مقامات پر جدید WiFi 6 ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جو زیادہ تیز اور مستحکم انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
استعمال اور اہداف
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق اب تک 37.22 ملین صارفین مفت وائی فائی سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جنہوں نے 905 ٹیرا بائٹس ڈیٹا استعمال کیا۔
یہ سروس شہریوں کو ایمرجنسی، تعلیم، اور دیگر ضروری نوعیت کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کے لیے فراہم کی جا رہی ہے، اور اسے ویڈیو اسٹریمنگ یا تفریحی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پنجاب کو ایک ڈیجیٹل اور اسمارٹ صوبہ بنانا ہے، جہاں شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا سکیں۔
مستقبل کا منصوبہ
سیف سٹیز کے ترجمان نے عندیہ دیا ہے کہ بہت جلد فری وائی فائی کا دائرہ پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلا دیا جائے گا، تاکہ ہر شہری کو آسان، محفوظ اور تیز انٹرنیٹ تک رسائی ممکن ہو۔