اتوار, جولائی 27, 2025

پاکستان نے 33 میچز میں 38 کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا!

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم نے سال 2024 سے اب تک کے مختصر عرصے میں ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرانے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، قومی ٹیم نے اس عرصے میں 33 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور ان میچز کے دوران 38 مختلف کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کا موقع دیا، جو کہ کسی بھی ٹیم کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

پاکستان کے بعد دوسرے نمبر پر بھارت رہا، جس نے 31 ٹی20 میچز میں 35 نئے چہروں کو میدان میں اتارا۔ جنوبی افریقہ نے 23 میچز میں 31 کھلاڑیوں کو موقع دیا، جب کہ نیوزی لینڈ نے 27 مقابلوں میں 30 نئے کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا۔ اس فہرست میں بنگلادیش سب سے کم نئے کھلاڑی آزمانے والی ٹیم ثابت ہوئی، جس نے 28 میچز میں صرف 22 نوجوانوں کو موقع دیا۔

پاکستان ٹیم کے اس غیرمعمولی روٹیشن سسٹم پر کرکٹ حلقوں میں خاصی بحث جاری ہے۔ کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹیم کی مسلسل تبدیلی نہ صرف کھلاڑیوں کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے بلکہ ٹیم کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

مزید یہ کہ قومی ٹیم نے اسی مدت کے دوران 10 مختلف اوپننگ پیئرز بھی آزمائے، جو ٹیم کی غیر مستقل مزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔ اگرچہ کھلاڑیوں کو مواقع دینا ضروری ہے، لیکن حد سے زیادہ تجربات ٹیم کے توازن کو بگاڑ سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کو اس حکمتِ عملی پر نظر ثانی کرتے ہوئے تسلسل اور کارکردگی کے درمیان ایک بہتر توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قومی ٹیم بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کر سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب