منگل, جولائی 29, 2025

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانونی تعاون کا معاہدہ، عدالتی اشتراک میں نیا باب

اسلام آباد / باکو: پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانونی شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم مفاہمتی معاہدے (MoC) پر دستخط ہو گئے۔ یہ پیش رفت وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے سرکاری دورۂ آذربائیجان کے دوران ہوئی، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان عدالتی اور قانونی تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گی۔

وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے باکو میں آذربائیجان کے وزیراعظم علی ہیدیات اوغلو اسدوف سے ملاقات کی، جہاں دو طرفہ قانونی تعلقات، عدالتی اصلاحات اور مشترکہ مفادات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ وزیر قانون نے آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید طوراب اوغلو احمدوف اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انعام اعتماد اوغلو کریموف سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

وفاقی وزیر قانون نے اپنے دورے کے دوران آذربائیجان کے قومی رہنما حیدر علیوف کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھاتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مفاہمتی معاہدے میں قانونی تعلیم، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، تنازعات کے متبادل حل (ADR) اور ادارہ جاتی صلاحیت سازی جیسے شعبوں میں تعاون کا جامع فریم ورک تشکیل دیا گیا۔ معاہدے کے تحت تجربات کے تبادلے، تربیتی پروگرامز اور تکنیکی معاونت کو فروغ دیا جائے گا۔

اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے عدالتی ادارے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر زیادہ مؤثر اور منصفانہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان قانونی میدان میں طویل المدتی شراکت داری قائم کریں گے۔

یہ معاہدہ پاکستان کی بین الاقوامی قانونی روابط کو وسعت دینے اور ملکی عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حکومتی وژن کی عملی تعبیر قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب