پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور مایہ ناز ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے لاہور میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک میں ٹینس کے فروغ اور بنیادی سہولیات کی بہتری سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اعصام الحق نے اسلام آباد میں موجود ٹینس کورٹس کے مسائل، ناکافی سہولیات اور نئے ٹینس کورٹس کی کمی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لیے بہتر انفراسٹرکچر اور سہولیات ناگزیر ہیں۔ اس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کی طرح ٹینس میں بھی پاکستان کے نوجوانوں میں شاندار ٹیلنٹ موجود ہے، جسے نکھارنے کے لیے حکومت اور کھیلوں سے وابستہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں نئے ٹینس کورٹس تعمیر کیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی مواقع میسر آئیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل ‘پیڈل ٹینس’ کے فروغ کیلئے بھی ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ مل کر نوجوان کھلاڑیوں کی ہر سطح پر سرپرستی کرے گا۔
اعصام الحق نے چیئرمین پی سی بی کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے کامیابی پر مبارکباد دی اور پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ٹینس کورٹس سے متعلق اقدامات پر محسن نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس ملاقات کے دوران پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد کھیلوں کے مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا، تاکہ پاکستان میں کھیلوں کا روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔