بدھ, جولائی 30, 2025

وفاقی کابینہ کا چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ قلت سے بچاؤ کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق چینی کی یہ درآمد مکمل طور پر حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی، اور اس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں توازن لانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری طور پر درآمدی عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں چینی کی دستیابی کو یقینی بنانا اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے، تاکہ عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ نہ پڑے۔

ترجمان وزارت غذائی تحفظ نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی یہ حکمت عملی ماضی کی حکومتوں سے مختلف ہے۔ ماضی میں اکثر چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قومی خزانے پر سبسڈی کا بوجھ ڈال دیا جاتا تھا، جبکہ اس بار شفاف طریقے سے درآمد کی جا رہی ہے تاکہ عوامی مفاد کو ترجیح دی جا سکے۔

وزارت کے مطابق حکومت نے اُس وقت چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی جب ملک میں چینی وافر مقدار میں موجود تھی۔ تاہم اب جب قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے تو درآمد کے ذریعے سپلائی کو متوازن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق چینی درآمد کے اس فیصلے سے نہ صرف مقامی مارکیٹ میں قیمتیں کنٹرول میں رہیں گی بلکہ آئندہ مہینوں میں رمضان اور دیگر اہم مواقع پر طلب میں اضافے کے باوجود کوئی بحران پیدا نہیں ہو گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب