بدھ, اگست 6, 2025

نواز شریف سے عمران خان کی کوئی ملاقات ممکن نہیں: علیمہ خان کا دوٹوک اعلان

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان کے درمیان کسی بھی قسم کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مفاہمت یا ملاقات کی کوئی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ پارٹی کی اولین ترجیح بانی چیئرمین کا پیغام عوام تک درست انداز میں پہنچانا اور قانون کی بالادستی کے لیے تحریک چلانا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت ایک چوری شدہ مینڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں ہے اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں بدترین حالات میں رکھا جا رہا ہے جہاں نہ صرف ان کی کتابوں تک رسائی روکی گئی ہے بلکہ ان کے ذاتی معالجین کو بھی 10 ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ نواز شریف کو ماضی میں جیل میں سہولیات دی گئیں، روزانہ درجنوں افراد سے ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ عمران خان کو ایک تنگ و تاریک کمرے میں رکھا گیا ہے۔ “نواز شریف تو ایسے رہ رہے تھے جیسے ریسٹ ہاؤس میں ہوں، جبکہ بانی چیئرمین پر عام قیدیوں سے بھی زیادہ سختیاں کی جا رہی ہیں،” علیمہ خان نے کہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے آئندہ تحریک کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے جو 10 محرم کے بعد عوامی سطح پر متحرک ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس تحریک کا اعلان خود کرے گی۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی صادق آباد احتجاج کیس میں عبوری ضمانت میں 16 جولائی تک توسیع کر دی، جب کہ عالیہ حمزہ اور سیمابیہ طاہر کی عبوری ضمانتوں میں بھی 16 جولائی تک توسیع کی گئی۔ مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی اور آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل دینے کا حکم دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب