پیر, نومبر 25, 2024

میں حافظِ قرآن ہوں، اسی لیے والد نے مجھے شوبز میں آنے سے منع کیا تھا: لائبہ خان

پاکستانی اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 9 سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کر لیا تھا۔

ان کا ایک انٹرویو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں لائبہ خان نے بتایا کہ وہ حافظ قرآن ہیں اور 7 سال کی عمر میں والدین کی خواہش پر حفظ کا آغاز کیا تھا، جو 9 سال کی عمر میں مکمل ہو گیا۔

لائبہ نے کہا کہ بچپن میں حفظ کی خواہش ان کی نہیں تھی، بلکہ والدہ کی خواہش پر انہوں نے حفظ کیا۔ لیکن جب قرآن پاک کی تعلیم شروع کی تو دل لگ گیا اور اچھی میموری کی وجہ سے دو سال میں حفظ مکمل کر لیا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ حفظ کے بعد انہوں نے دوبارہ اپنی تعلیم کا آغاز کیا، اور اسی وجہ سے انہیں کلاس 6th میں دو سال پیچھے ایڈمیشن ملا اور پھر میٹرک مکمل کیا۔

شوبز میں آنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے لائبہ خان نے کہا کہ میٹرک کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ اپنی چھوٹی بہن اور اداکارہ ایمان کے ڈرامہ سیٹ پر گئی تھیں، جہاں کاسٹنگ ہیڈ نے انہیں ایکٹنگ کی پیشکش کی۔ پہلے انہوں نے انکار کیا لیکن پھر حامی بھر لی اور اسی دوران ایکٹنگ شروع کر دی، اور بعد میں انٹر کا امتحان بھی پاس کیا۔

لائبہ خان نے مزید بتایا کہ چونکہ وہ حافظ قرآن ہیں، اس لیے شوبز میں ان کے والد کو ان کا ڈراموں میں آنا پسند نہیں تھا۔ ان کے والد ان سے بات نہیں کرتے تھے اور غصے میں رہتے تھے، حتیٰ کہ ان کے ڈرامے بھی نہیں دیکھتے تھے۔ ان کے والد کا کہنا تھا کہ چونکہ لائبہ نے حفظ کیا ہے، اس لیے انہیں شوبز میں نہیں آنا چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ ان کے دادا کو بھی ان کا ایکٹنگ کرنا پسند نہیں تھا، لیکن والدہ کی سپورٹ نے سب کا رویہ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب