جمعرات, اگست 14, 2025

لیاری میں عمارت گرنے کا سانحہ: وجوہات جاننے کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں گزشتہ ہفتے گرنے والی رہائشی عمارت کے واقعے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے پانچ رکنی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت واقعے کی مکمل وجوہات، غفلت کے پہلو اور ذمہ داران کی نشاندہی کی جائے گی۔

چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر کراچی حسن نقوی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جب کہ دیگر اراکین میں اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عائشہ حمید، ڈائریکٹر کمپلینٹس اینڈ ڈینجرس بلڈنگز ندیم احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) آصف علی لانگا اور دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔

کمیٹی کا مینڈیٹ نہ صرف اس واقعے کی تفصیلی جانچ کرنا ہے بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی عملی سفارشات مرتب کرنا ہوگا۔ تحقیقاتی ٹیم یہ بھی دیکھے گی کہ عمارت کی منظوری، تعمیر اور دیکھ بھال کے مراحل میں کون سی کوتاہیاں یا خلاف ورزیاں ہوئیں۔

یاد رہے کہ 4 جولائی کو بغدادی لیاری میں ایک رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوئے۔ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا کہ عمارت کی حالت پہلے سے ہی مخدوش تھی، لیکن اس کے باوجود اس میں رہائش پذیر افراد کو وہاں سے منتقل نہیں کیا گیا۔

سندھ حکومت نے اس سانحے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب