بدھ, جولائی 30, 2025

لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، بارشوں کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح ہونے والی موسلادھار بارش نے گرمی کا زور تو توڑ دیا، لیکن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ بارش کے بعد حبس کی کیفیت نے بھی شہریوں کو پریشان کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش 52 ملی میٹر نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی، جب کہ جیل روڈ، قرطبہ چوک، گلبرگ، ایئرپورٹ، گلشن راوی، لکشمی چوک، اقبال ٹاؤن، سمن آباد، جوہر ٹاؤن، اپر مال، مغلپورہ اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے واسا کو نکاسی آب کے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی، جب کہ ایم ڈی واسا غفران احمد خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اب تک لاہور میں اوسط بارش 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، اور محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس وقت پنجاب کے تمام بڑے دریا، نالے اور ہل ٹورنٹس معمول یا کم درجے کے سیلاب کی سطح پر بہہ رہے ہیں اور کسی بھی مقام پر درمیانے یا شدید درجے کے سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ کے آبی ذخائر میں پانی کی آمد و اخراج تسلی بخش سطح پر ہے۔ تربیلا ریزروائر میں پانی کا ذخیرہ 41 لاکھ 44 ہزار ایکڑ فٹ، منگلا میں 31 لاکھ 45 ہزار اور چشمہ میں 1 لاکھ 18 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جب کہ مجموعی ذخائر 74 لاکھ 7 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ نشیبی اور دریا کنارے علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب