وزیراعظم شہباز شریف نے “کیس اسائنمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم” کا افتتاح کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بدعنوانی کا شکار ہونے والی رقم قومی خزانے میں واپس لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایک پائی بدعنوان عناصر سے وصول کی جائے گی اور عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگی۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ نئے نظام کی بدولت سندھ ہائی کورٹ نے ایک دن میں 24 ارب روپے مالیت کے کیسز نمٹا دیے ہیں، جو اب قومی خزانے میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹربیونلز، ہائی کورٹس، اور سپریم کورٹ میں کھربوں روپے کے مقدمات زیر التوا ہیں، جنہیں جلد از جلد نمٹانا ہماری ترجیح ہوگی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عوام کی امانت سمجھی جانے والی واجب الادا ٹیکس کی رقم کو خزانے میں شامل کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ جدید نظام کو معیشت کے استحکام اور شفافیت میں اہم قدم قرار دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نظام بدعنوانی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔