اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدرِ پاکستان بننے کا کوئی ارادہ یا منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ یہ واضح طور پر ایک منظم پروپیگنڈا ہے، جس کا مقصد ملک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا اور سیاسی ماحول کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ یہ مہم کس کی پشت پناہی سے چل رہی ہے، اور اس کے پسِ پردہ مقاصد کیا ہیں۔
وزیرداخلہ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ یا ان کی تبدیلی سے متعلق نہ تو کسی سطح پر کوئی بات چیت ہوئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف جھوٹا اور منفی بیانیہ گھڑ کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ صدر زرداری اور مسلح افواج کی قیادت کے درمیان احترام، اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی گہرے روابط ہیں، جو ملکی استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی توجہ کا مرکز صرف اور صرف پاکستان کی سلامتی، ترقی اور ادارہ جاتی مضبوطی ہے، وہ کسی سیاسی عہدے یا اقتدار کے خواہاں نہیں۔
وزیرداخلہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی بے بنیاد خبروں پر کان نہ دھریں اور ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے ملک کے خلاف پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر قسم کی افواہوں کا نوٹس لے رہی ہے اور قومی یکجہتی و ادارہ جاتی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔