وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے استعفیٰ لیے جانے یا آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی خواہش سے متعلق میڈیا میں زیر گردش خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ان افواہوں کو بے بنیاد، من گھڑت اور قیاس آرائی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں قومی یکجہتی کو متاثر کرنے کی ایک کوشش ہیں۔
ایک معروف انگریزی روزنامے کی رپورٹ کے تناظر میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کبھی صدر بننے کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز حکومتی سطح پر زیر غور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی خبریں محض مفروضوں پر مبنی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان کے، صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات قائم ہیں، اور تینوں قیادتیں پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے یکسو اور ہم آہنگ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو اس وقت افواہوں نہیں بلکہ استحکام، اتفاق اور ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں کی اشاعت سے گریز کرے اور قومی مفادات کو مقدم رکھے۔
وزیراعظم کی یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کچھ میڈیا حلقوں میں صدر زرداری کے ممکنہ استعفے اور فیلڈ مارشل کے سیاسی عزائم سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی تھیں۔