جمعہ, جولائی 25, 2025

فلسطین اور کشمیر میں آزادی کی نئی صبح جلد طلوع ہوگی، مریم نواز کا عالمی دنِ اُمید پر پُرامید پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی دنِ اُمید کے موقع پر اپنے پیغام میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں خطوں پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امید ایک ایسی طاقت ہے جو انسان کو ناممکن کو ممکن بنانے کی ہمت دیتی ہے۔ اگر انسان کے دل میں یقین اور حوصلہ ہو تو مایوسی کے اندھیروں میں بھی روشنی کی کرن دکھائی دیتی ہے۔ “امید کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ یہی وہ جذبہ ہے جو ہمیں جدوجہد اور کامیابی کی طرف لے جاتا ہے،” انہوں نے مزید کہا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کے اعتماد اور امید کی علامت رہی ہے، اور ہم اسی جذبے کے ساتھ پنجاب کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جلد ہی پنجاب میں ہر طالبعلم کو معیاری تعلیم، لیپ ٹاپ، ہونہار طلبہ کو اسکالر شپ، اور ہر مریض کو مفت دوا میسر ہوگی۔

مریم نواز نے کسانوں کی خوشحالی کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پنجاب کا ہر کسان لہلہاتی فصلیں دیکھ کر مطمئن اور خوشحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ امید ہمیں مشکلات میں بھی ڈٹے رہنے کی ترغیب دیتی ہے، اور عوام نے مسلم لیگ (ن) سے جو توقعات وابستہ کی تھیں، ہم انہیں پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ یہی امید ہے جو ہمیں یقین دلاتی ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام پر آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب