بدھ, اگست 13, 2025

عمران خان کو بتایا ہے کہ کوئی ان کی رہائی کے لیے نہیں آتا، سب اپنے مفادات کے لیے آتے ہیں: فواد چوہدری

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پارٹی بانی عمران خان کو واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ہر شخص کسی نہ کسی مفاد، کام یا ذمہ داری کے حصول کے لیے متحرک ہے، جبکہ ان کی رہائی کسی کی ترجیح نہیں۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب کی سیاسی کمیٹی میں تبدیلی کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کو شامل کیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کو باور کرایا ہے کہ جب تک ملکی سطح پر بڑی سیاسی صف بندی یا “بڑی سیاست” سیٹل نہیں ہوتی، ایسی کمیٹیوں کی تشکیل کا کوئی خاطر خواہ اثر نہیں ہوگا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ انہوں نے عمران خان کو یہ بھی بتایا کہ جب تک ایک مضبوط سیاسی اتحاد (الائنس) نہیں بنتا، حکومت پر دباو ڈالنا ممکن نہیں۔ ان کے بقول، عمران خان کو مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے غلط معلومات فراہم کی گئی ہیں، جس پر بانی پی ٹی آئی نے کچھ تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کی کردار کشی تمام سیاسی جماعتیں مل کر کر رہی ہیں، جبکہ پارٹی تنہائی کا شکار نظر آ رہی ہے۔ فواد چوہدری کے مطابق عمران خان مذاکرات کے حامی ہیں، لیکن پارٹی قیادت اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے میں سنجیدگی نہیں دکھا رہی۔

انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں اگر پی ٹی آئی اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیتی، تو حکومت پر کسی قسم کا سیاسی دباو ڈالنا ممکن نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب