معروف پاکستانی اداکار علی رحمان خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں مردوں کے جذباتی مسائل پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ رشتوں کے اختتام پر مرد کو بلا جھجک قصوروار ٹھہراتا ہے، چاہے وہ حقیقت میں ذمہ دار ہو یا نہ ہو۔ علی رحمان نے اس بات پر زور دیا کہ مردوں کے جذبات کو نظر انداز کیا جاتا ہے، اور اگر وہ اپنی تکلیف کا اظہار کریں تو انہیں کمزور سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات بھی شیئر کیے، جہاں رشتوں کے ٹوٹنے نے انہیں اندر سے توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کو اپنی تکلیف چھپانے کی تلقین کی جاتی ہے، جیسے جذبات رکھنا ان کے لیے جرم ہو۔
علی رحمان نے والدین کے بدلتے رویوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کے والدین اپنے بچوں کے دوست بن گئے ہیں، جبکہ ان کے زمانے میں والد کا چہرہ دیکھ کر ہی سمجھ آ جاتا تھا کہ اب شاباش ملے گی یا ڈانٹ۔