اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں قومی سلامتی، امن و امان کی موجودہ صورتحال اور میڈیا کے مؤثر کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں وزراء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ریاستی بیانیے کو مستحکم بنانے اور عوام میں اعتماد قائم رکھنے کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا دونوں پلیٹ فارمز پر مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات اور منفی پروپیگنڈے کے سدباب کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا کہ ملکی سالمیت، قومی اداروں کے وقار اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی مہم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف منفی بیانیے کی ترویج قومی مفاد کے منافی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور دہشت گردی کے خلاف حکومتی کوششوں میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔
دونوں وزراء نے قومی مفاد کے تحت ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ داخلی سلامتی اور عوامی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔