پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر بھاگ گئے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی جیسے رہنما اپنے کارکنوں کو میدان میں چھوڑ کر غائب ہو گئے، اور اب جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے گولیوں اور لاشوں کی باتیں کر رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ لاشیں صرف رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کی گری ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے پاس آنسو گیس کے شیل تھے اور وہ مزاحمت کے دعوے کرنے کے باوجود میدان چھوڑ کر بھاگ گئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ ریاست کو کمزور سمجھنے والوں کو اب سبق مل گیا ہو گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت سرکاری اسلحہ اور گاڑیاں استعمال کرتے ہوئے وفاق پر چڑھائی کرتی ہے، لیکن جب معاملہ ضلع کرم جیسے علاقوں کا ہو، تو وہاں کوئی نہیں جاتا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ ہنگامہ آرائی اس وقت کرتی ہے جب ملک میں غیر ملکی مہمان موجود ہوں۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اور بغاوت کی کوشش تھی، جو ناکامی سے دوچار ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور عوام اب شرپسند عناصر کے جھوٹے دعوؤں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور ان کی حقیقت واضح ہو چکی ہے۔