جمعرات, اگست 21, 2025

شبمن گل کی نائکی ٹائٹس نے بی سی سی آئی کو مشکل میں ڈال دیا، اسپانسر شپ معاہدہ خطرے میں

ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کے ذریعے بھارت کو فتح دلانے والے کپتان شبمن گل ایک نئی مشکل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ان کی ایک معمولی سی لاپرواہی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو شدید مالی نقصان کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے، جس کا تخمینہ 250 کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔

شبمن گل نے دوسرے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 430 رنز بنائے، جس میں پہلی اننگز میں 269 رنز اور دوسری میں 161 رنز شامل ہیں۔ ان کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف بھارت کو فتح دلائی بلکہ انہیں میچ کا ہیرو بھی بنا دیا۔ تاہم دوسری اننگز کے دوران جب بھارتی ٹیم نے 427 رنز پر 6 وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈیکلیئر کی، تو شبمن گل میدان میں نائکی برانڈ کی ٹائٹس پہن کر واپس آئے — جو بورڈ کے کِٹ اسپانسر ایڈیڈاس کے ساتھ معاہدے کی صریح خلاف ورزی تھی۔

بی سی سی آئی نے 2023 سے 2028 تک کے لیے ایڈیڈاس کے ساتھ ایک 250 کروڑ روپے کا اسپانسرشپ معاہدہ کیا ہوا ہے، جس کی رو سے تمام کھلاڑیوں کو صرف ایڈیڈاس کی کِٹ اور مصنوعات استعمال کرنا لازمی ہے۔ گل کا نائکی کی پراڈکٹ پہن کر میدان میں آنا معاہدے کی روح کے خلاف ہے اور اس سے بورڈ اور اسپانسر کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق ایڈیڈاس معاہدہ منسوخ کرنے یا ہرجانہ طلب کرنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے۔ تاہم، چونکہ بی سی سی آئی دنیا کا سب سے مالدار کرکٹ بورڈ ہے، اور ایڈیڈاس کو اس شراکت سے تجارتی فائدہ حاصل ہو رہا ہے، اس لیے امکان یہی ہے کہ معاملہ وارننگ تک محدود رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے شبمن گل کو نوٹس جاری کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ اپنی پوزیشن واضح کریں اور آئندہ کے لیے ایسے واقعات سے اجتناب برتیں۔ یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر معمولی غلطیاں بھی بڑے مالی و قانونی مسائل کا باعث بن سکتی ہیں، خاص طور پر جب اسپانسرشپ اور امیج رائٹس جیسی پیچیدہ شرائط شامل ہوں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب