خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی منظوری صوبائی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کا 27واں اجلاس کل رات 9 بجے سول سیکرٹریٹ کے کیبنٹ روم میں منعقد ہوگا، جس میں اہم حکومتی امور پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کریں گے، جبکہ کابینہ کے 15 وزراء، 5 مشیران اور 12 معاونین خصوصی کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں میں نئی آسامیوں کی تخلیق پر عائد پابندی بھی ختم کرنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں کراچی میں منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کے لیے فنڈز کی منظوری دیے جانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کی تھی، تاہم اب اس فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کے اس یوٹرن پر مختلف حلقوں سے ملا جلا ردعمل آ سکتا ہے، کیونکہ ایک طرف مالی بحران کے دعوے کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف سرکاری اخراجات میں اضافے کے فیصلے سامنے آ رہے ہیں۔