منگل, جولائی 29, 2025

حمیرا اصغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آگئے – حقیقت کیا ہے؟

کراچی: معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے حوالے سے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں کئی اہم حقائق کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حمیرا اصغر کی موت کو 8 سے 10 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، جب کہ ان کی لاش گلنے سڑنے کے آخری مراحل میں تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کافی عرصے سے تنہائی کا شکار تھیں اور ان کی موت فوری طور پر رپورٹ نہیں کی گئی۔

ابتدائی معائنے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ حمیرا اصغر کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا زخم کے نشانات نہیں ملے اور نہ ہی ان کی کسی ہڈی کے ٹوٹنے کے شواہد پائے گئے۔ تاہم، موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ان کے بالوں اور لباس کے کچھ نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے لیب بھجوا دیے گئے ہیں، جن کی حتمی رپورٹ کے بعد ہی موت کے محرکات کی مکمل تصدیق ہو سکے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی حساس نوعیت کے پیش نظر فرانزک ٹیمیں واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہیں۔ حمیرا اصغر کی تنہائی، سماجی تعلقات اور آخری سرگرمیوں کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مجرمانہ پہلو کو نظر انداز نہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل کراچی کے ایک فلیٹ سے حمیرا اصغر کی لاش ملی تھی، جو کافی حد تک سڑ چکی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اہلِ محلہ نے شدید بدبو کی شکایت کی، جس پر پولیس نے دروازہ توڑ کر لاش برآمد کی۔

اداکارہ کی پراسرار موت نے شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر افسوس اور حیرت کی لہر دوڑا دی ہے، جب کہ فنکار برادری میں بھی گہرے صدمے کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ اب تمام نظریں فرانزک تجزیے کی حتمی رپورٹ اور پولیس کی تفتیش پر مرکوز ہیں، جو اس معمہ کو مکمل طور پر سلجھا سکتی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب