بدھ, اگست 6, 2025

ترک وزیر دفاع کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین

ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گولر نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور جدید جنگی شعبوں میں شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی بدلتی صورتحال، جاری دفاعی اشتراک اور ابھرتے ہوئے جنگی رجحانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور اسٹریٹیجک ہم آہنگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو خصوصاً تربیت اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مزید وسعت دی جائے گی۔

فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں پیشرفت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ اور کثیرالملکی فضائی مشقوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور تربیتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ترکیہ کے وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، حالیہ پاک-بھارت تنازع میں شاندار کارکردگی اور قومی خودمختاری کے دفاع پر ایئر چیف کی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاک فضائیہ کی مستقل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ ترقی اور آپریشنل ہم آہنگی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ، پاکستان کے ساتھ دفاعی صنعت میں تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے، خاص طور پر ایڈوانسڈ ایویانکس، بغیر پائلٹ فضائی نظام (UAS) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

ترکیہ کے وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹیجک تعاون، دفاعی روابط کے استحکام اور ادارہ جاتی اشتراک کی مضبوطی کا واضح مظہر ہے، جو مستقبل میں مزید عملی اقدامات کی بنیاد فراہم کرے گا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب