بدھ, اگست 13, 2025

ترسیلات زر میں تاریخی اضافہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے، وزیرِاعظم

اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ حکومتی پالیسیوں پر اُن کے بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ قومی معیشت کے استحکام کی جانب ایک خوش آئند قدم ہے اور ملک کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2025 میں ترسیلات زر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، ایک ہی مہینے میں 4.1 ارب ڈالر کا سنگ میل عبور کیا گیا، جو کہ پچھلے سال مارچ کے مقابلے میں 37.4 فیصد زیادہ ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک مجموعی طور پر ترسیلات زر 28 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے انتہائی حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس ریکارڈ پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، قربانی اور مادرِ وطن سے محبت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی نہ صرف اپنی انتھک محنت سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں استحکام لانے میں بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیرِاعظم کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور پوری قوم اُن کی خدمات پر فخر محسوس کرتی ہے۔ حکومت ان کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ اُنہیں ترسیلات زر بھیجنے میں آسانی اور تحفظ حاصل رہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے پُرعزم ہے، کیونکہ اُن کا تعاون قومی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب