پیر, اگست 11, 2025

بیلجیئم کا نوجوان حج کے لیے 4,500 کلومیٹر سائیکل پر طے کر کے سعودی عرب پہنچ گیا

ریاض: بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ انس الرزقی نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 4,500 کلومیٹر کا طویل اور صبر آزما سفر سائیکل پر طے کر کے سعودی عرب پہنچ کر ایمان، عزم اور جذبے کی قابل تقلید مثال قائم کر دی ہے۔

انس الرزقی نے یہ روحانی سفر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں یورپ سے شروع کیا، جب دنیا عبادات میں مشغول تھی۔ روزے کی حالت میں وہ سائیکل پر روزانہ اوسطاً 100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے رہے۔ اس دوران وہ آسٹریا، اٹلی، سلووینیا، کروشیا، بوسنیا، مونٹی نیگرو، البانیا، یونان، ترکی اور اردن جیسے کئی ممالک سے گزرے، اور بالآخر سعودی عرب میں داخل ہوئے۔

اپنے اس یادگار سفر کے دوران انس الرزقی نے کئی راتیں مساجد میں بسر کیں اور مختلف ثقافتوں سے واسطہ پڑنے کے باوجود اپنے مقصد سے پیچھے نہ ہٹے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ سفر میری زندگی کا خواب تھا، جو اب ایک حقیقت بن چکا ہے۔ میں نے راستے میں مشکلات کا سامنا ضرور کیا، لیکن ایمان اور صبر نے ہر رکاوٹ آسان کر دی۔‘‘

جب انس سعودی عرب کے حلّت عمار بارڈر پر پہنچے تو سعودی حکام اور مقامی افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ پھولوں، عربی قہوے اور محبت بھری دعاؤں سے ان کے جذبے کو سراہا گیا۔ بارڈر سیکیورٹی فورسز نے ان کی دستاویزات مکمل کیں اور حج پرمٹ جاری کیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل اسپین سے تعلق رکھنے والے تین نو مسلم—عبدالقادر، عبداللہ اور طارق—نے بھی حج کے لیے 8,000 کلومیٹر کا طویل سفر گھوڑوں پر طے کیا تھا۔ ان افراد نے اسلام قبول کرنے کے بعد یہ سفر آٹھ ماہ قبل شروع کیا اور حجاز مقدس پہنچ کر اپنی دیرینہ خواہش کو حقیقت میں بدلا۔

انس الرزقی اور دیگر مسافروں کی یہ داستانیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب نیت خالص ہو اور ارادہ مضبوط ہو تو کوئی فاصلہ رکاوٹ نہیں بنتا۔ ان کے جذبے نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک نئی روحانی تحریک عطا کی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب