بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایشیا کپ 2025 میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے بعد ایونٹ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنی ٹیمیں نہ بھیجنے کا اشارہ دیا ہے۔
مینز ایشیا کپ ستمبر میں شیڈول ہے، جبکہ ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ جون میں سری لنکا میں منعقد ہونا تھا۔ بی سی سی آئی حکام کے مطابق وہ کسی ایسے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے جس کا سربراہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہو، جو کہ ایک پاکستانی وزیر ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ویمنز ایشیا کپ سے دستبرداری کا زبانی پیغام دے دیا ہے، اور دیگر ایونٹس کو بھی روکنے کی بات کی ہے۔ اگرچہ ذرائع دعویٰ کرتے ہیں کہ ایشین کرکٹ کونسل کو ابھی تک باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔
بی سی سی آئی کے اس غیر متوقع رویے پر کرکٹ شائقین کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بھارتی فیصلہ خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے نئے چیلنجز کھڑے کر سکتا ہے۔