پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے باعث چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔ بھارت نے پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنے کے معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کی وجہ سے کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہو رہی، جس کے باعث موجودہ حالات میں اگلے 24 گھنٹوں میں شیڈول کا اعلان ممکن نہیں۔
تاہم، اگر اسٹیک ہولڈرز لچک کا مظاہرہ کریں تو ایک دو روز میں شیڈول کے اعلان کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
دوسری طرف، اسٹیک ہولڈرز باہمی اتفاق کے ساتھ ایونٹ کے انعقاد کے حق میں ہیں، مگر براڈکاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز پاک بھارت میچ کے بغیر شیڈول کو قبول کرنے پر راضی نہیں۔ براڈکاسٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاک بھارت میچ شامل نہ ہوا تو قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) جے شاہ کے ذمےداریاں سنبھالنے سے پہلے شیڈول کے تنازعے کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جے شاہ یکم دسمبر کو آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، اور اگر بھارت کو کوئی تحفظات ہیں تو بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرے۔