جمعہ, اگست 15, 2025

این ڈی ایم اے کا سیلابی الرٹ: 10 جولائی تک شدید بارشیں، ملک بھر میں سیلاب کا خطرہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر 10 جولائی تک الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق ملک کے متعدد دریا اور ندی نالے اگلے چند روز میں طغیانی کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الرٹ کے مطابق دریائے سندھ، کابل، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا امکان ہے۔ تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ جیسے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مرالہ اور خانکی کے مقام پر دریائے چناب میں، جبکہ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں بھی اسی نوعیت کا سیلاب متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خاص طور پر نوشہرہ، سوات، پنجکوڑہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی سے خبردار کیا ہے۔ بلوچستان کے جھل مگسی، سبی، کچھی، قلعہ سیف اللہ اور ژوب جیسے اضلاع میں بھی ندی نالوں کے بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ، شیگر اور دیگر پہاڑی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، اور مویشی و قیمتی سامان بھی وقت پر شفٹ کر لیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 3 سے 5 دن کی ایمرجنسی خوراک، صاف پانی اور ضروری ادویات پر مشتمل ہنگامی کٹ تیار رکھیں۔

مزید برآں، مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری نکاسی آب کے لیے مشینری تیار رکھے، جبکہ عوام ٹی وی، ریڈیو اور موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے سرکاری الرٹس سے باخبر رہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں تاکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” کے ذریعے موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب