بدھ, جولائی 30, 2025

ایم کیو ایم اور وفاقی وزراء کی ملاقات: بجٹ تجاویز پر تحفظات اور کراچی کے مسائل پر زور

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور وفاقی وزراء کے درمیان گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں بجٹ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، ایم کیو ایم نے کیپٹیو پاور پلانٹس کے ٹیرف میں اضافے اور انہیں صنعتوں سے الگ کرنے کی تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے صنعتی پیداوار، برآمدات اور روزگار پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے وفد نے شکایت کی کہ وفاقی حکومت نے اہم فیصلوں میں اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجٹ سے قبل تمام اتحادیوں سے مشاورت کرے تاکہ فیصلے متفقہ ہوں۔

وفاقی وزراء نے وضاحت دی کہ کیپٹیو پاور پلانٹس سے متعلق فیصلہ 2021 میں کابینہ میں کیا گیا تھا۔ ایم کیو ایم نے اس پر زور دیا کہ اگر آئی ایم ایف زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانے کی سفارش کر رہا ہے تو وفاقی حکومت کو بھی اس پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے جاگیرداروں اور وڈیروں پر ٹیکس نہیں لگائیں گے، اس لیے وفاق کو اس معاملے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں کراچی اور حیدرآباد کے لیے مختص فنڈز میں اضافہ کیا جائے، خاص طور پر سرکلر ریلوے، کے فور منصوبہ اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں اور عوام کے مسائل کا حل وفاقی حکومت کی ترجیح ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب