پیر, اگست 11, 2025

اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کا انتظام صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نے سنبھال لیا

کراچی: صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کے تمام مراحل کی ذمہ داری خود اٹھائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد اس افسوسناک واقعے میں انسانی ہمدردی کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی فنکار کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر نے اس معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رابطہ کیا اور حمیرا اصغر کی تدفین سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر جنرل کلچر کو اس کیس کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر مرحومہ کے اہلِ خانہ لاش وصول نہیں کرتے تو محکمہ ثقافت ان کا سرکاری وارث تصور کیا جائے گا۔

سندھ حکومت کی جانب سے ڈی آئی جی ایسٹ کو باضابطہ خط بھی ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کو لاوارث نہ سمجھا جائے کیونکہ صوبائی محکمہ ثقافت ان کی ذمہ داری اٹھا رہا ہے۔ خط میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ تدفین، قبر کی جگہ، رسومات اور دیگر تمام انتظامات محکمہ ثقافت کی نگرانی میں مکمل کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، اور ہمیں اپنے فنکاروں کے ساتھ اس نازک وقت میں کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ثقافت کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ مرحومہ کے والدین یا ورثاء لاش وصول کریں، لیکن اگر ایسا ممکن نہ ہوا تو ریاست اپنی ذمہ داری نبھائے گی۔

وزیر ثقافت نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ حکومت سندھ ہر اس فنکار کے ساتھ ہے جو ہمارے کلچر اور معاشرتی ورثے کا حصہ ہے۔ اس اقدام کو فنکار برادری کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے فنکاروں کی عزت و وقار کے تحفظ کا واضح پیغام ملتا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب