بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر، مرحوم بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان ان کے والد کے انتقال کے بعد سے رات بھر ٹھیک سے سو نہیں پا رہے۔
ذیشان نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سلمان خان ہمیشہ ان کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، “میرے والد اور سلمان بھائی ہمیشہ سگے بھائیوں کی طرح قریب رہے ہیں۔ والد کے جانے کے بعد سے سلمان بھائی ہر رات مجھے کال کرتے ہیں اور وہ بھی اس واقعے سے بہت پریشان ہیں۔”
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی سیکیورٹی کے بارے میں ان کے مداحوں میں تشویش پائی جاتی ہے، اور بابا صدیقی کے قتل کے بعد یہ تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
بابا صدیقی کے قتل کے بعد لارنس بشنوئی گروپ نے دھمکی دی تھی کہ جو بھی سلمان خان کی مدد کرے گا، وہ ان کے نشانے پر ہوگا۔
اس کے بعد ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے سلمان خان کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا تھا۔