جمعرات, جولائی 31, 2025

آج کا شوبز دکھاوے کا کھیل بن چکا ہے، اداکاری کہیں پیچھے رہ گئی ہے: توقیر ناصر

لاہور: پاکستان کے سینئر اور مایہ ناز اداکار توقیر ناصر نے موجودہ شوبز انڈسٹری کے بدلتے ہوئے رجحانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دور میں فنکار اپنے فن سے زیادہ اپنی شکل و صورت پر توجہ دیتے ہیں، جس کے باعث اصل اداکاری کہیں پیچھے رہ گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ ماضی میں فنکار اپنے کردار سے جذباتی طور پر جُڑ جاتے تھے اور ان کے چہرے اور انداز میں سچائی جھلکتی تھی، لیکن آج کل ڈراموں اور فلموں میں خلوص، احساس اور حقیقت پسندی کی جگہ میک اپ، برانڈڈ لباس اور پلاسٹک سرجری نے لے لی ہے۔

انہوں نے خاص طور پر اداکاراؤں میں مصنوعی خوبصورتی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پلاسٹک سرجری کے باعث ان کے چہرے ایک جیسے اور جذبات سے عاری دکھائی دیتے ہیں۔ “ماضی کی اداکارائیں سادگی اور قدرتی حسن کی علامت ہوتی تھیں، جبکہ آج کی فنکارائیں کیمرے پر بہتر نظر آنے کے لیے اپنی اصل پہچان کھو بیٹھی ہیں،” توقیر ناصر نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہدایتکاروں کا کردار بھی تبدیل ہو چکا ہے۔ پہلے زمانے میں ڈائریکٹرز فنکاروں کے ساتھ سیٹ پر موجود رہتے اور ان کی رہنمائی کرتے تھے، جس سے پرفارمنس میں گہرائی آتی تھی، لیکن اب زیادہ تر ہدایتکار صرف مانیٹر پر بیٹھ کر شوٹنگ کو کنٹرول کرتے ہیں جس سے اداکاری کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔

توقیر ناصر کے مطابق شوبز کا موجودہ ماحول “ریٹنگز اور دکھاوے” کی دوڑ میں اتنا گم ہو چکا ہے کہ اصل فن، کہانی اور جذبات کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں فنکار اور ہدایتکار دوبارہ خلوص اور حقیقت پر مبنی کام کی طرف رجوع کریں گے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب