کراچی: یکم جون سے اب تک شہر قائد میں مجموعی طور پر 19 زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن میں سب سے شدید زلزلے کی شدت 3.6 تھی۔ ارلی سونامی وارننگ سیل کراچی نے زلزلوں کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں جو اس غیر معمولی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ شدت کا زلزلہ 3.6 ریکارڈ کیا گیا، جو تقریباً 10 کلومیٹر کی گہرائی میں محسوس ہوا، جبکہ سب سے کم شدت کا زلزلہ 2.1 تھا۔ زلزلے کے جھٹکے زیادہ تر ضلع ملیر میں ریکارڈ ہوئے، جہاں 11 جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ کورنگی کے جنوب مغربی حصے اور ڈی ایچ اے کے شمال مشرقی علاقے بھی متاثر ہوئے۔
ارلی سونامی وارننگ سیل نے کہا ہے کہ کراچی کی تاریخ میں اس تعداد میں زلزلوں کا آنا بے مثال ہے اور یہ صورتحال خاصی غیر معمولی ہے۔ مسلسل زلزلوں کے جھٹکوں نے شہر کے رہائشیوں میں خوف اور تشویش کی فضا قائم کر دی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زلزلے کی شدت اور تعداد پر نظر رکھیں اور ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہیں۔ مقامی انتظامیہ بھی اس سلسلے میں چوکس ہے اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔