اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 80 کروڑ ڈالر (800 ملین ڈالر) کے مالیاتی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد معیشت کو مستحکم بنانا اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کو فروغ دینا ہے۔ یہ مالی تعاون “ریسورس موبلائزیشن ریفارم پروگرام – سب پروگرام دوم” کے تحت فراہم کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس مالیاتی پیکیج میں 30 کروڑ ڈالر پالیسی بیسڈ لون (PBL) کی صورت میں دیے جائیں گے، جب کہ 50 کروڑ ڈالر پروگرام پر مبنی گارنٹی (PBG) کی شکل میں شامل ہوں گے۔ یہ رقم پاکستان کو مالی نظم و ضبط اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد دے گی۔
وزارت خزانہ نے اس پیشرفت کو وزارتِ اقتصادی امور اور وزارتِ خزانہ کی مربوط کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ حکام کے مطابق اس مالی تعاون کا بنیادی مقصد قومی وسائل کو بہتر انداز میں متحرک کرنا، ٹیکس اصلاحات کو فروغ دینا اور محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنانا ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام نہ صرف آمدنی کے ذرائع میں تنوع لانے کا باعث بنے گا، بلکہ ملک کو معاشی خودمختاری کی جانب بھی ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے مالیاتی شعبے میں شفافیت اور بہتر حکمرانی کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔